منگل، 19 اپریل، 2016

مولا علیؓ کو مولود کعبہ ماننے والوں کی پہلی دلیل اور اس پر نقد



بسم اللہ الرحمان الرحیم!
ہم اہلسنت اللہ والوں کی ہر خوبی و شان کو دل و جان سے تسلیم کرتے ہیں پھر چاہے اس خوبی و شان کا تعلق فضائل سے ہو یا خصائص سے
لیکن تسلیم کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کسی ہستی کے متعلق شہرت پا جانے والی غلط فہمی کو اس کی فضیلت یا خصوصیت مان لیا جائے اور اس کے انکار پر لعن طعن کیا جائے (العیاذباللہ)
جہاں مولا علیؓ کی طرف اور بہت سی باتیں غلط منسوب ہیں وہاں پر یہ بات بھی بڑے زور و شور سے کی جاتی ہے کہ مولائے کائنات کی ولادت کعبہ میں ہوئی ہے اور نہ صرف یہ کہا جاتا ہے بلکہ اس کو بنیاد بنا کر مولا علیؓ کی شان میں غلو کی حد کردی جاتی ہے اور کعبہ میں ولادت کو مولائے کائنات کی خصوصیت بھی قرار دیا جاتا ہے حالانکہ حقیقت اس سے کوسوں دور ہے,
بہر کیف!
مولا علی رضیﷲعنہ  کے مولود کعبہ ہونے پر جو پہلی دلیل پیش کی جاتی ہے وہ حاکم نیشاپوری کا قول ہے:

حاکم کہتے ہیں!
"فقد تواتر الاخبار ان فاطمتہ بنت اسد ولدت امیر المؤمنین علی بن ابی طالب کرم اللہ وجھہہ فی جوف الکعبہ"
پس تحقیق اخبار متواترہ سے ثابت ہے کہ فاطمہ بنت اسد (رضیﷲعنہا) نے امیر المومنین علی بن ابی طالب کرمﷲوجھہہ کو کعبہ میں جنم دیا

المستدرک علی الصحیحین
الجزء الثالث کتاب معرفتہ الصحابہ
الرقم٦٠٤٤ صفحہ٥٥٠ مطبوعہ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان

اس قول کو بطور دلیل پیش کرنا کم فہمی ہے کیونکہ حاکم یہاں تو تواتر کا دعویٰ کر رہے ہیں اور فضائل علیؓ کے باب میں ایک بھی صحیح بلکہ صحیح تو دور ایک ضعیف روایت بھی پیش کرنے کی جرأت نہ کرسکے جس میں حاکم کے دعوے کی دلیل ہو تو فقط حاکم کے کہنے پر متواتر کون مانے؟
جب کہ حاکم کی تاریخ وفات ٤٠٥ ھجری ہے
اب ایک واقعہ جو کہ حاکم کی پیدائش سے بھی کئی سو سال پہلے کا ہے اس واقعہ کو حاکم کے کہنے پر تسلیم کرنا اور نہ صرف تسلیم بلکہ متواتر کہنا نا انصافی ہوگا
دوسری بات یہ کہ اس کے تواتر کے دعوے میں حاکم منفرد ہیں ان کے سوا محدثین میں سے کسی نے اس واقعہ کے تواتر کا دعویٰ نہیں کیا,
تیسری اور اہم بات یہ کہ اہل علم جانتے ہیں کہ حاکم نیم شیعہ تھے اور ان کا تواتر کا دعویٰ اسی سلسلے کی ایک کڑی بھی ہوسکتا ہے,
نوٹ
بہت جلد اگلے بلاگ میں بقیہ دلائل پر نقد بھی پیش کیا جائے گا ان شاءﷲ
طالب دعا
غلام حسین نقشبندی
hafiz.zain.9256@facebook.com


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں